بنگلورو،29؍جولائی(ایس او نیوز) ریاست میں عوامی مفادات کو تحفظ فراہم کرنے والی ایک علاقائی پارٹی کو ضرورت ہے اس لئے آئندہ ریاست کرناٹک میں اسمبلی کے لئے ہونے والے تازہ انتخابات میں جنتادل سکیولر(جے ڈی ایس) کی تائید کرنے پارٹی کے قومی صدر وسابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا نے آج کرناٹک کے لوگوں سے اپیل کی۔ گاندھی نگر اسمبلی حلقہ کے پارٹی ورکرس کانفرنس کا افتتاح کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ ریاست میں عوامی مفادات کا تحفظ کرنے والی علاقائی پارٹی کو ورکرس ہی مضوبط کرسکتے ہیں اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کو ورکرس ہی اقتدار پر لاسکتے ہیں۔ اس لئے انہیں متحد ہوکر عوام کے درمیان کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو اسمبلی اور لوک سبھا میں 33؍فیصد ریزرویشن دینے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے مرکزی حکومت کو خط روانہ کرکے یہ مطالبہ کیاہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی علاقائی پارٹیوں کے حقوق کو پامال کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔بہار میں جنتادل متحدہ (جے ڈی یو) کے ساتھ شامل ہوکر بھارتیہ جنتاپارٹی( بی جے پی) نے حکومت تشکیل دے کر یہ واضح کردیاہے کہ بی جے پی علاقائی پارٹیوں کو توڑ نے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کو کس طرح بی جے پی نے جال میں پھانس لیا یہ پورا ملک جانتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دستور میں تمام مذاہب کا احترام کیاگیاہے۔ لیکن ملک میں حالات کیسے بھی کیوں نہ ہوں،بی جے پی ایک ہی مذہب اور ایک ہی قانون پر عمل کرنے کی فوقیت دے رہی ہے۔ یہ ملک کی سالمیت کے لئے خطرناک ہے، اس کانفرنس میں جے ڈی ایس کے ریاستی نائب صدر سید شفیع اللہ پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ظفر اللہ خان اور دیگر بھی موجود تھے۔